یورپی خلائی ایجنسی نے ایک سیارچے کی مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے جو 2032 میں زمین سے ٹکرانے کا امکان رکھتا ہے۔یہ سیارچہ، جسے YR4 کا نام دیا گیا ہے، سب سے پہلے 27 دسمبر 2024 کو چلی میں ایک دوربین کی مدد سے دریافت کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے، یہ امریکی اور یورپی ماہرین فلکیات کی خاص توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق، جنوری 2025 کے آغاز سے دنیا بھر کے ماہرین فلکیات جدید دوربینوں اور تازہ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے اس سیارچے کے حجم، رفتار اور ممکنہ راستے کا بغور تجزیہ کر رہے ہیں، تاکہ اس کے زمین سے ٹکرانے کے امکانات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق، 328 فٹ چوڑا یہ سیارچہ 22 دسمبر 2032 کو زمین سے ٹکرا سکتا ہے، اور اس کے ٹکرانے کے امکانات 1.3 فیصد ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس سائز کا کوئی بھی سیارچہ عام طور پر ہر چند ہزار سال بعد زمین پر اثر انداز ہوتا ہے اور اگر یہ کسی مخصوص علاقے سے ٹکرا جائے تو شدید تباہی مچا سکتا ہے۔