بھارتی ٹیم کی جیت کے لیے متنازع حکمت عملی، کنکشن قانون کا غلط استعمال

بیٹر شیوم دوبے کی جگہ فاسٹ بولر ہریشت رانا کو متبادل کے طور پر شامل کیا گیا

کراچی:بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی 20 میچ میں جیت کے لیے متنازع حربے اپناتے ہوئے کنکشن قانون کا فائدہ اٹھایا، جس پر انگلش کپتان جوز بٹلر اور سابق کرکٹرز نے شدید ردعمل دیا۔

جمعے کو ہونے والے چوتھے ٹی 20 میں بھارت نے 15 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی، تاہم میزبان ٹیم پر کنکشن قانون کے غلط استعمال کا الزام بھی لگا۔

بھارتی اننگز کی آخری گیند پر شیوم دوبے رن آؤٹ ہوگئے، اس سے پہلے ایک گیند ان کے ہیلمٹ پر بھی لگی تھی، جس کے بعد بھارت نے انہیں کنکشن متبادل قرار دیتے ہوئے فاسٹ بولر ہریشت رانا کو میدان میں اتار دیا۔

ہریشت رانا اس سے پہلے بھارت کی جانب سے صرف دو ٹیسٹ میچ کھیل چکے تھے، اس طرح انہوں نے متبادل کے طور پر ٹی 20 ڈیبیو کیا اور انگلینڈ کے اہم کھلاڑی لیام لیونگ اسٹن، جیکب بیتھل اور جیمی اورٹن کو آؤٹ کیا۔

آئی سی سی کے قانون کے مطابق، کنکشن متبادل ایسا کھلاڑی ہونا چاہیے جس کا کھیلنے کا انداز اور مہارت زخمی کھلاڑی سے ملتی ہو، لیکن بھارت نے بیٹنگ آل راؤنڈر شیوم دوبے کی جگہ اسپیشلسٹ فاسٹ بولر کو شامل کر لیا، جس پر انگلش ٹیم نے اعتراض کیا۔

میچ کے بعد انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ یہ کسی بھی طرح کنکشن متبادل کے اصول کے مطابق نہیں تھا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا،
"کیا شیوم دوبے اچانک فاسٹ بولر بن گئے یا ہریشت رانا نے بیٹنگ میں مہارت حاصل کر لی؟”

بٹلر نے مزید کہا کہ ہمیں اس متبادل پر کوئی وضاحت نہیں دی گئی تھی، جب ہم نے فیلڈ میں امپائر سے سوال کیا تو جواب ملا کہ میچ ریفری نے اس کی اجازت دی ہے۔ ہم اس بارے میں میچ ریفری جواگل سری ناتھ سے ضرور بات کریں گے۔

سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن اور مائیکل وان نے بھی بھارت کے اس اقدام پر تنقید کی۔

دوسری جانب بھارتی بولنگ کوچ مورنی مورکل نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا،
"شیوم دوبے کو میدان سے واپس آتے وقت چکر آ رہے تھے، اس وقت ہم نے ہریشت کو تیار ہونے کا کہا، حالانکہ وہ اس وقت ڈنر کر رہے تھے، مگر انہوں نے فوری طور پر میچ میں شرکت کی اور اچھی کارکردگی دکھائی۔”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین