اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلے کے بعد آنے والے تین ججز کا بینچ طے، روسٹر جاری

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بینچ 2 کو سینیئر ترین بینچ تصور کیا جاتا ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نئے تعینات ہونے والے تین ججز کے بینچ کا روسٹر جاری کر دیا۔

ترمیم شدہ ہفتہ وار روسٹر کے مطابق، جسٹس سرفراز ڈوگر کو بینچ نمبر 2 کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی کو بینچ نمبر 3 میں تیسرے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ سے تبادلہ ہونے والے جسٹس خادم حسین سومرو کو بینچ نمبر 9 جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ سے آنے والے جسٹس محمد آصف کو بینچ نمبر 12 میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بینچ 2 کو سینیئر ترین بینچ تصور کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی اس بینچ کا حصہ تھے، تاہم اب انہیں بینچ 3 میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو ڈویژن بینچ میں خدمات انجام دیں گے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی کے بعد ہفتہ وار روسٹر میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے بعد عدالتی عملہ اتوار کے روز بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے عدالت میں موجود رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدرِ مملکت نے لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹس سے تین ججز کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد وفاقی وزارت قانون نے اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔

اس سے قبل، اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز نے چیف جسٹس اور متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیرونی ہائی کورٹس سے ججز کی تعیناتی نہ کی جائے۔

ججز، جن میں سینیئر ترین جسٹس محسن اختر کیانی بھی شامل تھے، نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کا تقرر اسی عدالت کے تین سینیئر ججز میں سے کسی ایک کو بنایا جائے، نہ کہ کسی دوسری ہائی کورٹ سے جج لا کر یہ ذمہ داری سونپی جائے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین