دُلہا کے بارات میں رقص کرنے پر دُلہن کے والد نے بارات واپس لوٹا دی

سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں

بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں دُلہن کے والد نے اپنے ہونے والے داماد کی ایک حرکت پر بارات واپس بھیج دی اور شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دُلہا اپنی بارات کے ساتھ تقریب کے مقام پر پہنچا۔ وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ دُلہے کے دوستوں نے اسے ڈانس کے لیے اُکسایا۔ اس دوران جب تقریب میں گانا ‘چولی کے پیچھے کیا ہے’ بجنے لگا تو دُلہا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور ناچنے لگا۔

دُلہا اپنی خوشی میں مست ہو کر رقص کرتا رہا، جبکہ اردگرد کھڑے مہمان اس کے رقص سے محظوظ ہو رہے تھے اور تالیاں بجا کر اس کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔ لیکن یہ سب دُلہن کے والد کو پسند نہ آیا اور انہوں نے فوری طور پر شادی روکنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق، دُلہن کے والد نے بارات کے سامنے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ ان کے خاندان کی روایات کے خلاف ہے، اور اس حرکت پر شادی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے تقریب ختم کرائی اور بارات کو واپس جانے کا حکم دیا۔

دُلہن، جو اس فیصلے پر رضامند نہ تھی، روتی ہوئی اپنے والد کو منانے کی کوشش کرتی رہی۔ دُلہے نے بھی اپنی حرکت پر معذرت کی اور کہا کہ یہ سب صرف تفریح کے لیے تھا۔ تاہم، دُلہن کے والد نے کسی کی بات نہیں مانی اور شادی ختم کر دی۔

سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، اور یہ واقعہ کافی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین