چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا اور مفید ٹول شامل کر دیا گیا

اوپن اے آئی کا نیا فیچر "ڈیپ ریسرچ" چند منٹوں میں تفصیلی تجزیاتی رپورٹس تیار کرے گا

چینی کمپنی ڈیپ سیک کے چیلنج کے بعد اوپن اے آئی نے اپنی اے آئی ٹیکنالوجی میں تیزی سے بہتری لانے کے اقدامات کیے ہیں۔

حال ہی میں کمپنی نے o3 منی اے آئی ماڈل کو مفت صارفین کے لیے متعارف کرایا، اور اب ایک اور جدید فیچر ڈیپ ریسرچ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا فیچر "ڈیپ ریسرچ” متعارف کرایا ہے، جو ویب سائٹس اور آن لائن ذرائع کا گہرائی سے تجزیہ کرکے تفصیلی رپورٹس تیار کر سکے گا۔

اس کے علاوہ، صارفین اس فیچر کی مدد سے مختلف فائلز جیسے کہ پی ڈی ایف اور دیگر فارمیٹس کو اپ لوڈ کرکے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔ چیٹ بوٹ ان دستاویزات کا تجزیہ کرکے 5 سے 30 منٹ کے اندر جواب فراہم کرے گا۔

چیٹ جی پی ٹی کے انٹرفیس میں ایک سائیڈ پینل شامل کیا جائے گا، جہاں جوابات کے ماخذ (Sources) بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ صارفین ان کا خود بھی جائزہ لے سکیں۔

اوپن اے آئی کے مطابق، یہ نیا فیچر وہ کام چند منٹوں میں انجام دے گا، جس کے لیے عام طور پر انسانوں کو کئی گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔

کمپنی کے چیف ریسرچ آفیسر مارک چن نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا ماڈل تیار کرنا ہے جو خود سے نئی معلومات تلاش کر سکے اور گہرائی سے تجزیہ فراہم کرے۔

اوپن اے آئی نے خبردار کیا ہے کہ ڈیپ ریسرچ فیچر استعمال کرتے ہوئے بعض اوقات حقائق میں غلطیاں ہو سکتی ہیں، اس لیے صارفین کو نتائج کا احتیاط سے جائزہ لینا ہوگا۔ تاہم، کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو جلد ہی حل کر لیا جائے گا اور وقت کے ساتھ اس فیچر کی درستگی میں بہتری آئے گی۔

یہ نیا ڈیپ ریسرچ فیچر صرف ان صارفین کو دستیاب ہوگا جو ماہانہ 200 ڈالر فیس ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین