سندھ حکومت کا منافع خوروں کے لیے علیحدہ نئے تھانے قائم کرنے کا فیصلہ

ان تھانوں میں محکمہ بیورو آف سپلائی اور پولیس کا عملہ شامل ہوگا

سندھ حکومت نے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کے لیے الگ تھانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر ضابطے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

ان نئے تھانوں کا دائرہ اختیار پورے سندھ میں ہوگا، اور یہ تھانے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے۔ ان تھانوں میں محکمہ بیورو آف سپلائی اور پولیس کا عملہ شامل ہوگا۔

معاون خصوصی وقار مہدی نے کہا کہ سندھ بھر کی سبزی منڈیوں کے کولڈ سٹوریج رجسٹرڈ کیے جائیں گے اور ان کی نگرانی کی جائے گی، تاکہ وہ زیادہ قیمت پر اشیاء نہ بیچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی و گران فروشی کو روکنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام گوداموں کو رمضان سے پہلے رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بچت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے خصوصی سٹالز لگائے جائیں گے، اور پھلوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں کراچی کی بچت بازاروں میں سستے نرخوں پر مصالحہ جات کے سٹالز لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سندھ بھر کی مارکیٹس کی نگرانی کے لیے خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔ معاون خصوصی نے سرکاری قیمتوں کی فہرست تمام دکانداروں اور ٹھیلے والوں کو لگانے کی ہدایت بھی دی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین