حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ 5 فروری 2025، بدھ کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
اس تعطیل کے باعث تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی شامل ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق بدھ 5 فروری 2025 کو یومِ کشمیر کے موقع پر بینک کے تمام دفاتر بند ہوں گے۔
مزید یہ کہ وفاقی حکومت نے سال کے آغاز پر پورے سال کی تعطیلات کا کلینڈر جاری کیا تھا، جس میں پانچ فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے لیے عام تعطیل دینے کا ذکر موجود تھا۔ اس فیصلے کے تحت ملک بھر میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری ادارے تعطیل کے باعث بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ، ملک بھر میں یکجہتی کشمیر کے اظہار کے لیے تمام تعلیمی ادارے اور بازار بھی بند رکھے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے بھی 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سندھ بھر میں بھی عام تعطیل ہوگی، اور تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔