اسلام آباد: حکومت نے اسمارٹ واچز، فٹنس ٹریکرز اور دیگر پہننے کے قابل اسمارٹ ڈیوائسز کو سائبر سیکیورٹی کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں نشاندہی کی گئی ہے کہ کابینہ ڈویژن نے حساس مقامات پر ایسی ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اسمارٹ ڈیوائسز سیکیورٹی خدشات کو جنم دیتی ہیں۔ ان کے ذریعے خفیہ معلومات افشا ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ حساس علاقوں میں ان کا استعمال سائبر حملوں کے امکانات کو بھی بڑھا سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ڈیوائسز ڈیٹا چوری اور غیر مجاز نگرانی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ حساس مقامات پر ان کے استعمال سے پہلے ان کی جانچ پڑتال کے لیے ایک مؤثر تصدیقی نظام کا قیام ضروری ہے۔ اجلاسوں اور آپریشنل زونز میں ان ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی لگانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔