لاہور: میڈیا ورکرز آرگنائزیشن (ایم ڈبلیو او) کے انتخابات 2025 میں کامیاب ہونے والی نومنتخب باڈی نے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب اخوت یونیورسٹی کے للیانی کیمپس میں منعقد ہوئی، جہاں اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سینئر رہنما ایم ڈبلیو او اصغر خان نے میڈیا ورکرز کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر صدر عدنان شوکت نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر امجد ثاقب کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اخوت کے زیر انتظام یونیورسٹی کیمپس کے دورے کی دعوت دینے پر بھی ڈاکٹر امجد ثاقب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے فلاحی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ایم ڈبلیو او کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ صدر عدنان شوکت اور ان کی ٹیم میڈیا ورکرز کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے مثبت اقدامات کریں گے۔ انہوں نے اخوت یونیورسٹی کا تعارف بھی پیش کیا اور اس کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ سب کے لیے برابر مواقع فراہم کرنے کے اصول پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کائنات کی ہر چیز رب کی ملکیت ہے اور جو رب کا ہے وہ سب کا ہے، اس لیے یہاں امیر و غریب میں تفریق ختم کرکے مساوی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حلف اٹھانے والوں میں صدر عدنان شوکت، جنرل سیکرٹری طاہر منصف اعوان، سینئر نائب صدر ملک قمر عزیز، نائب صدر خاقان متین، پریس سیکرٹری محمد عرفان انور، فنانس سیکرٹری خرم علی، اور گورننگ باڈی کے اراکین ہارون بٹ، فاروق سعید، آصف کھوکھر اور وحید توفیق شامل تھے۔
تقریب میں چیف الیکشن کمشنر ملک منظور، محبوب الٰہی، خاور گلزار، آل پاکستان اخبار فروش یونین کے صدر چوہدری مشتاق، چوہدری عاشق، ملک محمد طاہر اور مشتاق خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔