اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں روحانی رہنما پرنس کریم آغا خان وفات پا گئے

اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام کی نامزدگی کا عمل مکمل

لزبن: اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں روحانی پیشوا، پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کر گئے۔

ان کی نماز جنازہ لزبن میں ادا کی جائے گی، جبکہ دنیا بھر کے جماعت خانوں میں ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں جاری ہیں۔ اسماعیلی کمیونٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر نئے امام کے اعلان تک درود و تسبیح جاری رہے گی۔

پرنس کریم آغا خان 11 جولائی 1957 کو 20 سال کی عمر میں اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام مقرر کیے گئے۔ ان کے دادا، سر سلطان محمد شاہ آغا خان، بھی اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا تھے۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی سماجی بہبود، تعلیمی ترقی اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔ وہ ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی عظمت، ہمدردی اور برداشت کی تعلیمات پر زور دیتے رہے۔

اسماعیلی کمیونٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کی قیادت میں، اسماعیلی کمیونٹی نے فلاحی منصوبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔

ان کے انتقال کے بعد، اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام کی نامزدگی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

پرنس کریم آغا خان نے دنیا بھر میں تعلیمی، ثقافتی اور معاشی ترقی کے منصوبوں کی سرپرستی کی، جس سے لاکھوں افراد کی زندگیاں بہتر ہوئیں۔ عالمی سطح پر ان کی فلاحی خدمات کو بے حد سراہا گیا، جبکہ پاکستان میں انہیں ستارہ امتیاز اور ستارہ پاکستان جیسے اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا۔

نئے امام کی نامزدگی سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی، اور اس دوران اسماعیلی کمیونٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر درود و تسبیح کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین