کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑیں، 10 اور بھی لڑنی پڑیں تو پیچھے نہیں ہٹیں گے، آرمی چیف

پاک فوج قوم کی خودمختاری اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، جنرل عاصم منیر

راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی خاطر ہم نے 3 جنگیں لڑی ہیں، اگر مزید 10 لڑنی پڑیں تو بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف نے مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر یادگار پر حاضری دی اور شہدا کی یاد میں پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی جرات، لگن، اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے فوج کے حوصلے اور چوکس نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے فوج کو ہر وقت جنگی تیاری برقرار رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج مکمل عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کی حفاظت کرتی رہے گی اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گی۔

آرمی چیف نے دورے کے دوران کشمیر کی معروف شخصیات اور سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر بھارت کے غیر قانونی قبضے میں موجود جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم اور انتہا پسند ہندوتوا نظریہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا اور ایک دن ضرور کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

آرمی چیف نے آزاد کشمیر کے دورے کے موقع پر کشمیری عمائدین اور سابق فوجیوں سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ "کشمیر بنے گا پاکستان” صرف ایک نعرہ نہیں، بلکہ حقیقت ہے۔ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے، کیونکہ ان کا رشتہ تاریخی اور نظریاتی طور پر لازم و ملزوم ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی ہر نسل آزادی کا عزم اگلی نسل کو منتقل کر رہی ہے۔ اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو کسی بھی چیلنج کا سامنا کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو بے پناہ قدرتی وسائل اور حسن سے نوازا ہے، جو اس کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کے حقوق نہیں دبا سکتا، کیونکہ کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کو کرنا ہے، نہ کہ کسی قابض فوج کو۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے کشمیر کی خاطر تین جنگیں لڑی ہیں اور اگر مزید دس جنگیں بھی لڑنی پڑیں تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

جنرل عاصم منیر نے قائداعظم محمد علی جناح کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور شہ رگ کو کاٹنے کا مطلب زندگی ختم کرنا ہے۔ مسلمان کبھی دشمن کی فوجی طاقت یا تعداد سے خوفزدہ نہیں ہوتا، کیونکہ ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کی بنیاد پر اللہ کا گروہ ہمیشہ غالب رہتا ہے۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا اور نوجوانوں کے لیے آئی ٹی سیکٹر میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

کشمیری معززین نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاک فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال فلسطین سے بھی بدتر ہوتا۔ پاک فوج اور کشمیری عوام کا رشتہ نہایت مضبوط ہے، جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔

حاضرین نے کہا کہ آرمی چیف کے مظفر آباد کے دورے سے دونوں طرف کے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور ہم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان سے بڑا کوئی ترجمان نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین