ہم سب سے پہلے چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کے: صدر آصف زرداری

صدر شی جن پنگ اور صدر زرداری کی بیجنگ میں گریٹ ہال آف چائنہ میں ملاقات ہوئی

صدر آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا کہ چین ہمارا سب سے قریبی دوست ہے اور یہ کہنا غلط ہوگا کہ کوئی اور ہمارے پڑوسی سے زیادہ ہمارے قریب ہے۔ انہوں نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ چین اور پاکستان کی سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔

صدر زرداری بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال پہنچے جہاں چین کے صدر نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ چین کی مسلح افواج کے دستے نے صدر زرداری کو گارڈ آف آنر دیا اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ صدر شی جن پنگ اور صدر زرداری کی بیجنگ میں گریٹ ہال آف چائنہ میں ملاقات ہوئی جس میں چین کی پاکستان میں سکیورٹی اور سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں اور پھر کسی اور کے، کیونکہ چین اور ہماری سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سرحدوں سے جڑا ہوا ہے جبکہ دیگر ممالک ہزاروں کلومیٹر دور ہیں، اس لیے یہ کہنا کہ کوئی اور ہمارے پڑوسی سے زیادہ قریب ہے، غلط ہوگا۔

صدر زرداری نے چین کی ترقی اور خوشحالی کو چینی قیادت کے وژن اور عوام کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان سے تعلقات پر گہرا اعتماد ظاہر کیا اور کہا کہ چین اور پاکستان فولادی دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک پارٹنر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تعمیر اور مختلف شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کی بہترین مثال ہے۔

وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ چینی صدر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ عشائیے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی صدر شی جن پنگ سے خصوصی گفتگو کی اور انہیں چینی شہریوں کی سکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ، صدر زرداری کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات ہوئی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین