آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر کنٹرول کے منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے شدید دھچکا لگا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آسٹریلوی وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا اور کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرے گا جو فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کے منافی ہو۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی پالیسی ہمیشہ سے واضح رہی ہے کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دو ریاستی فارمولہ ہے، اور ہم آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد ایک حیران کن بیان میں کہا تھا کہ وہ غزہ میں امریکا کی طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھ رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ انہیں بعض عالمی رہنماؤں کا یہ خیال پسند آیا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے دوسرے ممالک میں منتقل کر دیا جائے اور اس منصوبے کے بعد وہ دنیا بھر سے مختلف افراد کو وہاں آباد ہوتے دیکھ رہے ہیں۔





















