ملکی اداروں پر حملے کے بعد مفاہمت کی امید رکھناخود فریبی کے مترادف ہے: خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی کی حکومت بدترین طرز حکمرانی کے باعث تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم ہوئی

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جو عناصر ریاستی اداروں اور دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہوئے، معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی، ان کا مفاہمت کی امید رکھنا حقیقت سے منہ موڑنے کے برابر ہے۔

اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی بھی جماعت نے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملکی سلامتی کے اداروں کو یوں نشانہ نہیں بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت بدترین طرز حکمرانی کے باعث تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ختم ہوئی، جس کے بعد انہوں نے شہدا کی یادگاروں پر حملے کیے اور دفاعی اداروں کے خلاف بیانیہ بنایا جو تاحال جاری ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قومی اداروں پر حملے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے بعد بھی کچھ عناصر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے لیے مفاہمت کے دروازے کھلیں گے، تو یہ ایک خوش فہمی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد خود کو اور عوام کو دھوکے میں رکھ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین