لاہور: محکمہ اطلاعات پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر عادل نواز خان کو اعلیٰ تعلیمی اعزاز حاصل ہو گیا، انہیں بین الاقوامی تعلقات (International Relations) میں پی ایچ ڈی کی سند عطا کر دی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی نے باضابطہ طور پر ان کی ڈاکٹریٹ کی تکمیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
عادل نواز خان نے اپنی تحقیق میں پاکستان کے ایران اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا گہرائی سے جائزہ لیا اور اس موضوع پر ایک جامع اور مدلل تھیسز مکمل کیا۔ ان کا تحقیقی کام ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مبین عدنان کی نگرانی میں پایہ تکمیل تک پہنچا۔
عادل نواز خان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی علمی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے علمی و تحقیقی میدان میں ایک نمایاں سنگ میل بھی ہے۔ ان کی تحقیق پاکستان کے سفارتی تعلقات کو بہتر انداز میں سمجھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ان کی اس کامیابی پر علمی و تحقیقی حلقوں نے انہیں مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کا تحقیقی کام پالیسی سازوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا۔ پاکستان کو درپیش بین الاقوامی چیلنجز کے تناظر میں ایسی تحقیقات نہایت اہمیت کی حامل ہیں جو سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ہو سکتی ہیں۔