عالمی فوجداری عدالت کی امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل، رکن ممالک سے یکجہتی کی اپیل

یہ اقدام نہ صرف عدالتی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش بھی ہے۔عدالت

عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے امریکی حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے 125 رکن ممالک کو متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وہ انصاف کی فراہمی کے اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اپنے عملے کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، عالمی فوجداری عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عدالتی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش بھی ہے۔

عالمی فوجداری عدالت نے اپنے جاری کردہ بیان میں تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے مشترکہ موقف اختیار کریں اور انصاف کے عالمی اصولوں کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال آئی سی سی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جس پر ردعمل دیتے ہوئے دوسری بار اقتدار میں آنے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین