مخلوق خدا کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، معیشت بہتر ہورہی ہے:نواز شریف

مہنگائی میں کمی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں،اگر نیت صاف ہو تو اللہ کی مدد آتی ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی حالات بہتری کی جانب جا رہے ہیں اور مہنگائی میں کمی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اگر نیت درست ہو تو اللہ کی مدد ضرور شاملِ حال ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین شامل تھے۔ اس دوران ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں ترقیاتی عمل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ اگر نیت صاف ہو تو اللہ کی مدد آتی ہے اور عوام کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، اور مہنگائی میں کمی ملک کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ نواز شریف نے یہ بھی بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج 30 ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر اب 1 لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی حد کو چھو رہی ہے، جو کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کا زوال پذیر سفر رک گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف محنت سے کام کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ اداروں اور نظام کی اصلاح کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے پارٹی کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔

ارکان اسمبلی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی محنت اور عوامی خدمت سے صوبے کے عوام کا دل جیت لیا ہے۔ ارکان اسمبلی نے ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، اسکالرشپ پروگرام، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، "دھی رانی پروگرام” اور صحت کے نظام کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبوں پر بھی وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔

ارکان نے کہا کہ عوام مریم نواز کے کاموں سے خوش ہیں اور انہیں دعائیں دے رہے ہیں۔ پنجاب کو ایسے ہی محنتی وزیراعلیٰ کی ضرورت تھی، اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی روایت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کی رہنمائی اور پارٹی کی حمایت ان کے لیے ایک بڑی طاقت ہے اور وہ اسی عزم کے ساتھ عوامی فلاح کے منصوبے جاری رکھیں گی۔

اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین