انڈوں کو صحت بخش غذا تصور کیا جاتا ہے، تاہم ایک عام خیال پایا جاتا ہے کہ زیادہ انڈے کھانے سے جسم میں بلڈ کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے، جو مختلف امراض کا باعث بن سکتی ہے۔ مگر سائنسی تحقیقات مسلسل اس نظریے کو مسترد کر رہی ہیں۔
اب ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انڈوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے اور قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
یہ تحقیق آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی میں کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اگر کوئی شخص ہر ہفتے کم از کم ایک انڈہ کھاتا ہے، تو اس کے دل کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کے امکانات میں کمی آ سکتی ہے۔
تحقیق میں 70 سال یا اس سے زائد عمر کے 8,700 سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ جو لوگ ہفتے میں ایک سے چھ انڈے کھاتے ہیں، ان میں مختلف بیماریوں سے موت کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں 15 فیصد کم ہو جاتا ہے جو مہینے میں صرف دو بار انڈے کھاتے ہیں۔
اس کے علاوہ، دل کی بیماریوں جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ بھی 29 فیصد تک کم پایا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے نتائج اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ ہفتے میں 6 انڈے کھانے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکتا ہے۔
مزید برآں، انڈے جسم کو ضروری غذائی اجزاء جیسے بی وٹامنز، فولیٹ، فیٹی ایسڈز، وٹامن اے، ڈی، ای اور کے، کولین اور مختلف معدنیات فراہم کرتے ہیں، جو مجموعی صحت کے لیے نہایت اہم ہیں۔
اس تحقیق میں ایسے افراد کو بھی شامل کیا گیا جنہیں پہلے سے بلڈ کولیسٹرول کی بیماری لاحق تھی، اور نتائج کے مطابق، یہ افراد بھی اگر ہفتے میں 1 سے 6 انڈے کھاتے ہیں تو ان میں ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے "نیوٹریشنز” میں شائع کی گئی ہے۔