منہ کے چھالوں سے نجات کے مؤثر اور آسان گھریلو طریقے

تاہم یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ کوئی بھی طریقہ راتوں رات اثر نہیں دکھاتا

منہ میں چھالے ایک عام مگر تکلیف دہ مسئلہ ہیں جو کھانے پینے اور بات چیت میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ طبی زبان میں Canker Sore کہلانے والے یہ چھالے اگرچہ سنگین نقصان کا باعث نہیں بنتے اور خود ہی چند دنوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں، مگر ان کی تکلیف برداشت کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ کچھ آزمودہ اور سادہ گھریلو طریقوں سے ان سے نجات ممکن ہے، تاہم یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ کوئی بھی طریقہ راتوں رات اثر نہیں دکھاتا۔

ماؤتھ واش کا استعمال

سادہ ماؤتھ واش چھالوں کی شدت کم کرنے اور انفیکشن سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر chlorhexidine پر مشتمل ماؤتھ واش کلیاں کرنے سے چھالے جلدی ٹھیک ہونے میں مدد ملتی ہے۔

نمک ملے پانی سے کلیاں

نمکین پانی چھالوں کو خشک کرنے میں مدد دیتا ہے، اگرچہ یہ طریقہ کچھ تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے:

  • آدھے کپ گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ نمک ملائیں۔
  • اس محلول سے 15 سے 30 سیکنڈ تک کلی کریں اور پھر تھوک دیں۔
  • یہ عمل ہر چند گھنٹوں بعد دہرائیں۔

بیکنگ سوڈا کا استعمال

بیکنگ سوڈا سوزش کم کرتا ہے، جس سے چھالوں کے جلد مندمل ہونے میں مدد ملتی ہے۔

  • آدھے کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ملائیں۔
  • اس سیال کو 15 سے 30 سیکنڈ کے لیے منہ میں رکھیں اور پھر تھوک دیں۔
  • دن میں کئی بار اس عمل کو دہرائیں۔

دہی کا استعمال

منہ میں چھالے بعض اوقات ایک مخصوص بیکٹریا Helicobacter pylori کی وجہ سے بھی ہو سکتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق دہی میں موجود مفید بیکٹریا چھالوں سے نجات میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ روزانہ کم از کم ایک کپ دہی کھانے سے بہتری آ سکتی ہے۔

شہد کا اثر

شہد اپنی جراثیم کش اور سوزش کم کرنے والی خصوصیات کے باعث چھالوں کی تکلیف، حجم اور ورم کو کم کر سکتا ہے۔

  • روزانہ 4 بار چھالوں پر خالص اور کم از کم پراسیس شدہ شہد لگائیں تاکہ بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔

ناریل کا تیل

ناریل کے تیل میں جراثیم کش اور سوزش کم کرنے والے اجزا موجود ہوتے ہیں جو چھالوں کی تکلیف کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔

  • چھالوں پر ناریل کا تیل لگائیں اور دن میں کئی بار اس عمل کو دہرائیں۔

سیب کے سرکے سے مدد

سیب کے سرکے میں موجود اجزا منہ کے چھالوں کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

  • ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک کپ پانی میں ملائیں۔
  • اس سیال کو ایک منٹ تک منہ میں گھما کر تھوک دیں۔

ہائیڈروجن پرآکسائیڈ

یہ محلول چھالوں کی صفائی اور تیزی سے مندمل ہونے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

  • برابر مقدار میں ہائیڈروجن پرآکسائیڈ اور پانی کو مکس کریں۔
  • اس محلول میں روئی بھگو کر متاثرہ حصے پر لگائیں۔
  • دن میں چند بار اس عمل کو دہرائیں۔

وٹامن بی 12 سپلیمنٹس

وٹامن بی 12 کی کمی بھی بعض اوقات چھالوں کا سبب بن سکتی ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 1000 مائیکرو گرام وٹامن بی 12 کا استعمال چھالوں کی روک تھام اور درد کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی تحقیقی رپورٹس کی بنیاد پر لکھا گیا ہے، کسی بھی علاج سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین