خاتون کی معجزاتی زچگی، نومولود کے پیٹ میں دوسرے بچے کی نشوونما کا حیران کن واقعہ

یہ معاملہ ایک 32 سالہ خاتون کا ہے، جو پہلے ہی دو بچوں کی ماں ہیں

مہاراشٹر: بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانہ میں ایک غیرمعمولی اور نایاب طبی کیس سامنے آیا، جہاں ایک خاتون کے پیٹ میں موجود بچے کے اندر بھی ایک اور بچہ پرورش پا رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس حیران کن طبی کیفیت کو ’’فیٹس ان فیٹو‘‘ کہا جاتا ہے، جو کہ انتہائی نایاب ہے اور دنیا بھر میں تقریباً 5 لاکھ حاملہ خواتین میں سے صرف ایک کے ساتھ پیش آتی ہے۔

یہ معاملہ ایک 32 سالہ خاتون کا ہے، جو پہلے ہی دو بچوں کی ماں ہیں۔ جب وہ اپنی معمول کی سونوگرافی کے لیے اسپتال پہنچیں، تو ڈاکٹروں نے غیر معمولی صورتحال دیکھی، جس نے سب کو حیران کر دیا۔ ان کے رحم میں موجود بچے کے پیٹ میں بھی ایک اور بچہ ڈیولپ ہو رہا تھا، جو پیدائش کے وقت پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا تھا۔

طبی ماہرین کے مطابق ’’جنین میں جنین‘‘ کہلانے والی یہ حالت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب حمل کے دوران ایک جڑواں بچہ مکمل طور پر نشوونما نہیں پا سکتا اور دوسرے بچے کے اندر موجود رہتا ہے۔ یہ ایک غیرمعمولی معاملہ ہے، جو بعض اوقات پیدائشی نقص اور دیگر طبی پیچیدگیوں کا باعث بنتا ہے۔

خاتون کی حالت اور ممکنہ پیچیدگیوں کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے چھترپتی سمبھاجی نگر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ان کی زچگی بلڈھانہ کے سرکاری اسپتال میں ہوئی۔

ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ آپریشن مکمل کیا اور بچے کو بحفاظت دنیا میں لے آئے۔ کامیاب سرجری کے بعد نومولود کو فوری طور پر مزید علاج کے لیے امراوتی منتقل کر دیا گیا، جہاں ماہرین اس کی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین