لاہور :ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈی جی پاسپورٹس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایجنٹوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ اس حوالے سے تمام ریجنل دفاتر کو روزانہ کی بنیاد پر ہیڈ کوارٹرز کو رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ خفیہ مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی اچانک دورے کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس کے احکامات کے تحت تمام ریجنل دفاتر یومیہ مانیٹرنگ رپورٹ ہیڈ کوارٹرز کو فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ، ہیڈ کوارٹرز کی خصوصی ٹیمیں مختلف پاسپورٹ دفاتر کا اچانک معائنہ کریں گی تاکہ ایجنٹوں کی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق، ایجنٹوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اطلاعات کے مطابق، لاہور کے گارڈن ٹاؤن میں پاسپورٹ دفتر کے باہر ایک ایجنٹ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایجنٹ مافیا کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے آسانی اور عزت کے ساتھ پاسپورٹ فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کی شکایات ختم کر دی گئی ہیں اور اب شہریوں کو مقررہ وقت سے بھی پہلے پاسپورٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔