لاہور:منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ’’المواخات‘‘ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام سماجی، معاشی انصاف پر زور دیتا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ معاشی مسائل ام المسائل ہیں، ان کا حل ڈھونڈے بغیر پرامن اور معتدل سوسائٹی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
حضور نبی اکرمؐ نے ہجرت مدینہ کے بعد سب سے پہلا اقدام مالی اعتبار سے کمزور افراد کی معاشی بحالی اور کفالت کا اٹھایا اور انسانیت کو معاشی بھائی چارہ قائم کرنے کی سوچ دی۔ آپؐ کے حکم پر آسودہ حال افراد نے کمزور طبقات کو اپنے وسائل میں شامل کیا، یہ مستحسن عمل مواخات مدینہ کے نام سے مشہور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے افراد کی باوقار معاشی بحالی کے لئے فکری اور عملی سطح پر تسلسل کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ معاشی کفالت کے حصول کے لئے جدوجہد کرنا عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار زکوٰۃ کی تقسیم کے نظام میں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ اسلام کا معاشی نظام فرد کی خودانحصاری کی بات کرتا ہے مگر جس طریقے سے زکوٰۃ تقسیم کی جارہی ہے اس سے مستقل بھکاری بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کی رقم سے چھوٹے چھوٹے کاروبار کروائے جائیں اور ہنر مند بنانے پر یہ رقم خرچ کی جائے۔
ہر سال زکوٰۃ لینے والوں کی تعداد اگر کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے تو اس کا مطلب ہے جن مقاصد کے لئے زکوٰۃ تقسیم کی جارہی ہے وہ پورے نہیں ہورہے اور یہ لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کراچی میں المواخات مائیکرو فنانس کمپنی کی برانچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے متوسط اور ضرورت مند افراد کو کاروبار کے لئے مالی معاونت مہیا کی جائے گی۔ روزگار کے مواقع بڑھانے اور اقتصادی پہیہ چلانے کے لئے چھوٹے کاروبار قائم کرنے کے معاشی کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں محمد مسعود عثمانی، ڈاکٹر سلیم اشرف، امجد علی، جمیل الرحمن خان( جوائنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان)، محمد اسلام احمد، نعمان عبدالمجید، اقبال مصطفوی، حافظ عمران، نوید عالم نے شرکت کی۔