تین ملکی سیریز: نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 78 رنز سے ہرادیا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

نیوزی لینڈ نے سہ فریقی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔ کیویز کی فتح میں گلین فلپس کی دھواں دار سنچری اور مچل سینٹنر و میٹ ہینری کی شاندار باؤلنگ نے اہم کردار ادا کیا، دونوں باؤلرز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

اننگز کے آغاز میں ول ینگ 4 اور راچن رویندرا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تاہم کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ولیمسن 58 جبکہ ڈیرل مچل 81 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ وکٹ کیپر بلے باز ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے میچ کا رخ موڑ دیا۔ انہوں نے محض 71 گیندوں پر 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 بلند و بالا چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

پاکستانی باؤلرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

331 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صائم ایوب کی انجری کے سبب ریگولر اوپنر نہ ہونے کی وجہ سے بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم وہ صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

قومی ٹیم میں فخر زمان واحد بلے باز تھے جو لمبے وقت تک کریز پر ڈٹے رہے، انہوں نے 69 گیندوں پر 84 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں کامران غلام 18، محمد رضوان 3، سلمان علی آغا 40، طیب طاہر 30، خوشدل شاہ 15، شاہین شاہ آفریدی 10 اور نسیم شاہ 13 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی اننگز 254 رنز پر سمٹ گئی، جبکہ حارث رؤف انجری کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے، جس کے باعث کیویز نے 78 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی۔

نیوزی لینڈ کی باؤلنگ میں مچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مائیکل بریسویل نے 2 اور گلین فلپس نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

کپتانوں کے تاثرات

نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے، اور ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھائی جائے۔

دوسری جانب، پاکستانی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ بیٹنگ یا باؤلنگ میں پہل کرنے سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے جو چیزیں ہم تیار کر رہے ہیں، ان پر فوکس کیا جائے۔

دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون

پاکستان: محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور نسیم شاہ۔

نیوزی لینڈ: مچل سینٹنر (کپتان)، وِل ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہینری، بین سیئرز اور وِل اورورکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین