پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بالی وڈ میں کام کرنے کے امکان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کوئی معیاری اور منفرد فلمی پیشکش ملے تو وہ ضرور غور کریں گی۔
حال ہی میں ایک سوشل میڈیا سیشن کے دوران، مداح نے ان سے سوال کیا کہ اگر انہیں بھارت سے فلم کی آفر ہو تو کیا وہ اسے قبول کریں گی؟ اس پر ہانیہ عامر نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "اگر پروجیکٹ معیاری ہو تو میں ضرور اس پر غور کروں گی۔”
ہانیہ عامر پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری، منفرد انداز اور دلکش شخصیت کی وجہ سے بے حد مقبول ہیں۔ ان کے اس بیان نے فلمی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاک بھارت فلمی تعلقات ہمیشہ سے ہی ایک حساس اور دلچسپ معاملہ رہے ہیں۔
دوسری طرف، بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے بھی ہانیہ عامر کے حوالے سے ایک دلچسپ بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہانیہ عامر کو بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ دیکھنا چاہتی ہیں۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا راکھی ساونت کی یہ خواہش حقیقت میں بدلتی ہے یا نہیں۔
ہانیہ عامر کا بالی وڈ اور خاص طور پر شاہ رخ خان سے لگاؤ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ وہ ماضی میں کئی بار کہہ چکی ہیں کہ وہ شاہ رخ خان کی بڑی مداح ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں ہوگا۔
ہانیہ عامر نے اپنی بے ساختہ اداکاری اور خوبصورت انداز سے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے اپنے بچپن کے بارے میں دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ "ایک عجیب، ذہین اور مزاحیہ بچی تھیں، جنہیں اپنے بال رنگنے کا بے حد شوق تھا”۔ انہوں نے یہاں تک بتایا کہ ایک بار انہوں نے خود اپنے بال رنگنے کی کوشش کی تھی۔
ہانیہ عامر حال ہی میں پاکستان کے بڑے ڈرامہ سیریل "کبھی میں کبھی تم” میں جلوہ گر ہوئیں، جس میں انہوں نے شرجینا کا کردار ادا کیا۔ اس ڈرامے میں ان کے مدِ مقابل سپر اسٹار فہد مصطفیٰ تھے اور یہ سیریل نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی بے حد مقبول ہوا۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی ہانیہ عامر کو بالی وڈ میں قدم رکھنے کا موقع ملے گا؟ اور اگر ملا تو کیا وہ شاہ رخ خان، سلمان خان یا کسی اور سپر اسٹار کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی؟ وقت ہی بتائے گا کہ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں یا ہانیہ عامر واقعی بھارتی فلمی صنعت کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔