300 کلو میٹر ٹریفک جام ،شہری رل گئے،شدید مشکلات

بعض گاڑیاں 48 گھنٹوں سے سڑک پر رکی ہوئی ہیں، ٹریفک میں پھنسے شہریوں کی شکایت

نئی دہلی :میلے میں شرکت کے لیے جانے والے ہزاروں افراد بدترین ٹریفک میں پھنس گئے، کئی گاڑیاں 48 گھنٹوں سے سڑک پر رکی ہوئی ہیں، سفر کرنا تقریباً ناممکن ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں مہا کمبھ میلے کے دوران بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، جس میں شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پریاگ راج جانے والے ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے، بعض مقامات پر ٹریفک جام 300 کلومیٹر تک پھیل گیا، جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں دور تک دکھائی دے رہی ہیں۔
شدید ٹریفک کی وجہ سے کئی گاڑیوں کو پریاگ راج جانے والے راستے پر روک دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ٹریفک جام 200 سے 300 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے، جس کی وجہ سے آج کے دن پریاگ راج کا سفر ممکن نہیں رہا۔
ٹریفک میں پھنسے شہریوں نے شکایت کی کہ بعض گاڑیاں 48 گھنٹوں سے سڑک پر رکی ہوئی ہیں۔ ایک مسافر کے مطابق، صرف 50 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں 10 سے 12 گھنٹے لگ رہے ہیں، جس سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔
یہ ٹریفک جام وارانسی، لکھن اور کانپور جیسے بڑے شہروں سے پریاگ راج جانے والی سڑکوں پر بھی دیکھا گیا، جبکہ پریاگ راج کے اندر بھی کمبھ میلے کے مقام پر تقریباً 7 کلومیٹر تک گاڑیاں جام میں پھنسی رہیں۔
حکام نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن کو بند کر دیا ہے۔ ٹریفک کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس، کلدیپ سنگھ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مہا کمبھ میلے میں شرکت کے لیے آنے والی بے پناہ گاڑیوں کی تعداد طویل ٹریفک جام کی بنیادی وجہ بنی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین