انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوان رواں ہفتے پاکستان، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے اور اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترکیے کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر فریہتین آلتن نے بتایا کہ صدر طیب اردوان 10 سے 13 فروری کے دوران ملائیشیا، انڈونیشیا اور پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران وہ تینوں ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترک عہدیدار کے مطابق، صدر اردوان پاکستان اور دیگر ممالک میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کی مشترکہ سربراہی کریں گے، جس میں اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ اس دوران مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔
مزید برآں، ترک صدر میزبان ممالک کے کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کریں گے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ اس دورے میں خاص طور پر غزہ کی صورتحال سمیت دیگر علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔