سری لنکا میں بجلی کے وسیع بریک ڈاؤن کی حیران کن وجہ سامنے آگئی

اسپتالوں میں درجنوں آپریشن بجلی نہ ہونے کے باعث ملتوی کرنا پڑے

COLOMBO:سری لنکا میں آج پیش آنے والے بڑے پیمانے پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں اس کی حیران کن وجہ سامنے آئی ہے، جس کا تعلق ایک بندر سے جوڑا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس غیر متوقع بریک ڈاؤن کے نتیجے میں ملک بھر میں معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے، اور اسپتالوں میں ہونے والے متعدد آپریشنز کو بجلی نہ ہونے کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔

سری لنکن حکام کے مطابق جنوبی کولمبو میں قائم سیلون الیکٹرسٹی بورڈ کے گرڈ اسٹیشن میں صبح 11 بجے ایک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ بجلی کے محکمے کے انجنیئرز اور دیگر عملہ تین گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد جزوی طور پر بجلی بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی بھی ملک کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں اور ان کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ ایک بندر کو قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر توانائی کمارا جیا کوڈے کے مطابق، گرڈ اسٹیشن میں ایک بندر گھس آیا تھا اور اس نے وہاں موجود آلات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جس کے نتیجے میں بجلی کا پورا نظام متاثر ہوا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق، بجلی کی اس معطلی میں بندر کے کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین