اسلام آباد:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس سپریم کورٹ میں منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ کے لیے 6 نئے ججز کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں مشاورت کی گئی اور 6 ججز کو سپریم کورٹ میں تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق، جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی توثیق کی۔ اسی طرح، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ شفیع صدیقی، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ہاشم کاکڑ اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تقرری کی منظوری دی گئی۔
علاوہ ازیں، سندھ ہائی کورٹ کے جج صلاح الدین پنور اور پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد کو بھی سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ میں قائم مقام جج کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ان کے ساتھ بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
واضح رہے کہ ممبر جوڈیشل کمیشن اور پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ روز چیف جسٹس کو خط لکھ کر اجلاس کو مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔