قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف سہ ملکی سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی سے قبل انجری کا شکار ہوگئے، جس کے بعد سلیکشن کمیٹی نے متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے تین فاسٹ بولرز کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔
لاہور میں ہونے والے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ کے دوران حارث رؤف گیند بازی کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے۔ باؤلنگ کے دوران ان کے سینے اور پیٹ کے پٹھوں میں شدید درد محسوس ہوا، جس کے باعث انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کے سینے کے نچلے حصے کے پٹھوں میں موچ آئی ہے۔
ان کی واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
حارث نے میچ میں 6.2 اوورز کروا کر 23 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ ان کا اوور سلمان علی آغا نے مکمل کیا۔اب اطلاعات کے مطابق، سلیکشن کمیٹی نے سہ ملکی سیریز اور چیمپیئنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ میں محمد وسیم جونیئر، محمد علی اور عاکف جاوید کے ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے۔کئی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عاکف جاوید کو حارث رؤف کے متبادل کے طور پر شامل کیے جانے کا فیصلہ قریب ہے، جس کا باقاعدہ اعلان آج متوقع ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیموں کو اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری رات 12 بجے تک کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔ ڈیڈلائن کے بعد کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت لینا ضروری ہوگا۔