کراچی:منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کراچی میں بینائے اُمت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی بہترین خدمت علم کا نور بانٹنا ہے۔ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نسلوں کی تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کئے۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈے کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے اپنی علمی و تحقیقی خدمات سے اُمت مسلمہ کو ایک ایسا خزانہ عطاء کیا ہے جو رہتی دنیا تک تشنگانِ علم کی علمی پیاس بجھاتا رہے گا۔
انہوں نے ہزار ہا کُتب کی صورت میں مستند علم دیا۔ انہوں نے محض سوانح نہیں بلکہ سیرت کے ہر پہلو کو قرآن و سنت کی روشنی میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اغیار نے ہمیشہ نوجوانوں کے دلوں کو عشق مصطفیؐ سے خالی کرنے کی سازشیں کیں۔ شیخ الاسلام کی سیرت نگاری کا مرکز و محور فروغِ عشق مصطفیؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے اپنے خطابات اور تصانیف کے ذریعے اُمت کا یہ شعور دیا کہ سیرت نبویؐ صرف تاریخی بیان نہیں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں راہ نمائی کا مکمل ضابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی تجدیدی خدمات ہرپہلو سے ہمہ جہتی ہیں۔
آپ نے اتحادِ اُمت، اُخوت و بھائی چارہ، بین المسالک ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری، فلاحی و تعلیمی اُمور کے ساتھ ساتھ رجوع الی القرآن و رجوع الی الرسولؐ کی تعلیمات کو اُجاگر کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام کی سرپرستی میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے آغوش آرفن کیئرہوم اورمستحق طلباء کے لئے ہزار ہا سکالر شپس کا نظام قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے رفقائے کار و ذمہ داران کی یہ تحریکی ذمہ داری ہے کہ وہ علم و امن کی اس روشنی کو گھر گھر پہنچائیں۔ محبت و بھائی چارہ کو فروغ دیں۔ اس موقع پر 74ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں تقریب میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، صدر تحریک منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد، ناظم تحریک منہاج القرآن کراچی عتیق چشتی،سید ظفراقبال، مفتی مکرم خان قادری، شاہد حسین راجپوت، فیضان کلیم، شیخ عماد الدین، جواد انصاری، نصرت رعنا ڈار، فوزیہ جنید سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔