فرانسیسی صدر نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کو غیرمنصفانہ قرار دے دیا

یہ معاملہ کوئی ریئل اسٹیٹ آپریشن نہیں بلکہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے انسانی حقوق اور انصاف کی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔میکرون

پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غیرمنصفانہ اور غیرحقیقت پسندانہ قرار دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، فرانسیسی صدر نے امریکی تجویز پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ دو ملین سے زائد افراد کو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ اپنا گھر چھوڑ کر کہیں اور چلے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور ان کے ہمسایہ عرب ممالک کے جذبات اور عزت نفس کا احترام کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ معاملہ کوئی ریئل اسٹیٹ آپریشن نہیں بلکہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے انسانی حقوق اور انصاف کی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔

صدر میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے اپنے اختلافات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اسرائیلی قیادت کے سامنے اپنی واضح پوزیشن کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق، عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے اتنے وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازعہ منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت جنگ کے بعد غزہ کی پٹی اسرائیل کے ذریعے امریکا کے زیرِانتظام دی جائے گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں تعمیرِنو کی جائے گی اور روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کیے جائیں گے، لیکن غزہ کے باشندوں کو طویل عرصے تک اپنے گھروں کو واپس آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فرانسیسی صدر کے اس سخت مؤقف کے بعد بین الاقوامی سطح پر امریکی منصوبے کی مخالفت مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین