وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک پانچ رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی ایف آئی اے کی کارکردگی رپورٹ تیار کرے گی اور ادارے کا پرفارمنس آڈٹ بھی کرے گی، جس کے بعد رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک پانچ رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو کریں گے، جبکہ دیگر اراکین میں ڈائریکٹر پولیس بیورو، جوائنٹ سیکریٹری وزارت داخلہ، ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی او سی یونٹ این پی بی شامل ہیں۔
یہ کمیٹی ایف آئی اے کی مجموعی کارکردگی پر نظر ڈالے گی، جس میں درج کیے گئے مقدمات، گرفتار ملزمان اور دیگر کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کا مقصد ادارے کی صلاحیتوں کو جانچنا اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کرنا ہے۔ رپورٹ مرتب کرنے کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات وزارت داخلہ کو بھجوائے گی۔