معروف کامیڈین گلوکار اور آرٹسٹ چاہت فتح علی خان نے نوجوان نسل کو اپنا فن سکھانے کے لیے لاہور میں میوزک، ایکٹنگ اور ماڈلنگ اکیڈمی کھولنے کا اعلان کر دیا۔ وہ اپنے منفرد گائیکی انداز کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں اور اب اپنی صلاحیتیں آگے منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کامیڈین گلوکار اور آرٹسٹ چاہت فتح علی خان، جو اپنے مزاحیہ انداز میں گائے گئے گانوں کی وجہ سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، نے اب نئی نسل کے لیے میوزک، ایکٹنگ اور ماڈلنگ سکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ لاہور میں ایک اکیڈمی اور ایجنسی کھولنے جا رہے ہیں، جہاں نوجوانوں کو گلوکاری، اداکاری اور ماڈلنگ کی تربیت دی جائے گی۔
چاہت فتح علی خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کی اور انکشاف کیا کہ جلد ہی ان کے میوزک ایلبمز ریلیز ہونے والے ہیں۔ پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ لاہور میں اپنی اکیڈمی کے قیام کی تیاریاں مکمل کر رہے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اکیڈمی میں کن لوگوں کو داخلہ دیا جائے گا، تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ سب سے پہلے پروگرام کی میزبان کو داخلہ دے کر تربیت کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اکیڈمی نہ صرف گلوکاری بلکہ اداکاری اور ماڈلنگ کی بھی تربیت دے گی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی منفرد کیٹ واک کا مظاہرہ بھی کیا اور حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نئی نسل میں منتقل کرکے ان کی فنی صلاحیتوں کو نکھارنا چاہتے ہیں، تاکہ مستقبل میں مزید ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ سکے۔