پتوکی:پتوکی میں مسجد کے عطیات کے گلّے سے بار بار چوری کی وارداتوں سے تنگ آکر امام مسجد نے گلّے میں کرنٹ چھوڑ دیا۔ گزشتہ رات ایک نشئی نے چوری کی کوشش کی تو بجلی کا جھٹکا لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی میں ایک نشئی اس وقت جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب وہ مسجد کے عطیات کے گلّے سے چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق مسجد میں رکھے گلّے سے بار بار پیسے چوری کیے جا رہے تھے، جس کی وجہ سے امام مسجد نے اس میں کرنٹ چھوڑ دیا تاکہ چوری کو روکا جا سکے۔
گزشتہ رات چور ایک بار پھر گلّے سے رقم نکالنے کے لیے مسجد پہنچا، لیکن جیسے ہی اس نے گلّے کو کھولنے کی کوشش کی، اسے شدید بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ امام مسجد سے بھی اس حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آ سکیں۔