دنیا کی مشہور اینی میٹڈ سیریز دی سمپسن سے متعلق ایک نئی پیشگوئی نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے، جس میں پاکستانی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتنے والا دکھایا گیا ہے۔ تاہم، حقیقت اس کے برعکس نکلی، کیونکہ یہ تصاویر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تخلیق کی گئی ہیں اور انہیں حقیقت کے طور پر پیش کر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دی سمپسن کارٹون کے حوالے سے کئی حیران کن پیشگوئیاں سامنے آتی رہی ہیں، اور کچھ واقعات حیرت انگیز طور پر درست بھی ثابت ہوئے ہیں۔ اس سیریز نے ماضی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت، نائب صدر کملا ہیرس کے عہدے پر فائز ہونے، اور لاس اینجلس میں لگنے والی آگ جیسے کئی اہم واقعات کی درست پیشگوئیاں کیں، جس کے بعد بہت سے لوگ ان پیشگوئیوں کو حقیقت ماننے لگے ہیں، جبکہ کچھ افراد انہیں محض اتفاق قرار دیتے ہیں۔
اس مرتبہ دی سمپسن سے منسوب کی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کی پیشگوئی جعلی نکلی، کیونکہ اس کے لیے اے آئی ٹولز کا سہارا لیا گیا تھا۔
دوسری جانب، چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے، اور قومی ٹیم کو ایونٹ میں بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹاپ فور ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے لیے تمام ٹیموں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ آسٹریلوی ٹیم ٹاپ فور کی فیورٹ ٹیموں میں شامل نہیں ہے، کیونکہ اس کے چار اہم کھلاڑی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
یہ ٹورنامنٹ کرکٹ کے شائقین کے لیے بے حد اہم ہے، اور شائقین کی نظریں اس پر جمی ہوئی ہیں کہ آیا پاکستان اپنی سرزمین پر چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہو پائے گا یا نہیں۔