ملک بھر میں شب برات آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محفل شب برات 13 فروری کوہوگی

لاہور :ملک بھر میں آج شبِ برات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر خصوصی محافل کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں علمائے کرام شبِ برات کی فضیلت بیان کریں گے، جبکہ مساجد میں عبادات، نوافل، ذکر و اذکار اور دعاؤں کا سلسلہ پوری رات جاری رہے گا۔
مسلمان اس مقدس رات میں اپنے گناہوں کی بخشش کے لیے اللہ کے حضور جھکیں گے اور رحمت و مغفرت کی التجا کریں گے۔ اس رات کی مناسبت سے لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی بھی کریں گے۔
شعبان المعظم کی 15ویں شب کو شبِ برات کہا جاتا ہے، جس کے معنی "چھٹکارے کی رات” کے ہیں۔ یہ رات اللہ کی رحمتوں اور مغفرت کے خصوصی نزول کا وقت ہے۔ روایات کے مطابق، اس مبارک رات اللہ تعالیٰ بے شمار گناہگاروں کو بخش دیتا ہے اور کائنات کے امور کی تقسیم فرشتوں کے سپرد کر دی جاتی ہے۔
خصوصی عبادات کا اہتمام مغرب کے بعد ہی شروع ہو جائے گا، جس میں چھ نوافل ادا کیے جائیں گے۔ مسلمان اس موقع پر گناہوں سے توبہ، رزق کی کشادگی، ایمان کی مضبوطی اور پاکستان سمیت عالمِ اسلام کی سلامتی کے لیے دعائیں کریں گے۔
اللہ تعالیٰ نے شبِ برات کو اپنی رحمتیں سمیٹنے کا خاص موقع بنایا ہے، تاکہ بندے اس رات اس کی بارگاہ میں حاضر ہوکر اپنی زندگیوں میں بہتری کے لیے دعا کریں اور روحانی سکون حاصل کر سکیں۔
علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن (منہاج القرآن علما کونسل) کے زیر اہتمام محفل شب برات 13 فروری (جمعرات) بعد نماز عشاء جامع شیخ الاسلام منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوگی۔ روحانی اجتماع سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔شب برات کے روحانی اجتماع میںجید علمائے کرام،مشائخ عظام ،ثنا خوانان مصطفیٰ شرکت کریں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین