امریکا کا بھارت کو ایف-35 سمیت اربوں ڈالر کے فوجی ساز و سامان دینے کا اعلان

ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی نژاد کینیڈین شہری تہور رانا کو بھارت کے حوالے کرنے کے لیے امریکا آمادہ ہے

واشنگٹن: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دو روزہ امریکی دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر نے بھارت کو تیل و گیس فراہم کرنے کا عندیہ دیا جبکہ اربوں ڈالر کے فوجی سازوسامان، بشمول ایف-35 طیارے، دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کو اپنے وفد کے ہمراہ امریکا پہنچے۔ دورے کے دوران انہوں نے پہلے امریکی صنعتکار اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک سے ملاقات کی، جہاں انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک کی جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں دستیابی پر گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات ایک نجی نشست تھی جس میں صرف ایلون مسک کی فیملی موجود تھی، بشمول ان کے تین کمسن بچے۔

بعد ازاں، وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کرکے خوش ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس وافر مقدار میں تیل اور گیس موجود ہے، جو بھارت کو فراہم کی جا سکتی ہے، اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان حتمی معاملات طے پا چکے ہیں۔

امریکی صدر نے تجارتی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے پر بات چیت ہوئی ہے، جو اس وقت 100 ملین ڈالر ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ توانائی، بجلی اور مصنوعی ذہانت سمیت متعدد شعبوں میں بھارت کے ساتھ مل کر کام جاری رہے گا۔

صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بھارت انتہا پسند دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی نژاد کینیڈین شہری تہور رانا کو بھارت کے حوالے کرنے کے لیے امریکا آمادہ ہے۔

ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا بھارت کو ایف-35 طیارے سمیت اربوں ڈالر کا دفاعی سازوسامان فراہم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن دور میں امریکا اور بھارت کے تعلقات اتنے مضبوط نہیں تھے، جتنے اب ہیں۔

دوسری جانب، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایک بار پھر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹرمپ سے ملاقات میں باہمی تعلقات پر بات چیت ہوئی اور آئندہ چار سالوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مودی نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے انہیں احمد آباد میں ہونے والے "نمستے ٹرمپ” پروگرام کی یاد دلائی، اور وہ پرامید ہیں کہ ٹرمپ کے دوسرے دور میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکا کے تعلقات نہ صرف دوطرفہ مفادات کے لیے بلکہ عالمی خوشحالی کے لیے بھی اہم ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نے امریکی صدر کے ساتھ نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ دونوں ممالک مل کر جوہری توانائی کے میدان میں مزید ترقی کریں گے۔

مزید برآں، مودی نے امریکا کی یونیورسٹیوں کو بھارت میں کیمپس کھولنے کی دعوت دی اور امریکی صدر کو بھارت کے دورے کی بھی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور بھارت سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں مل کر کام کریں گے، جبکہ انڈو پیسیفک خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سرحد پار ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور بھارت ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ملاقات کا مقصد محض دو ممالک کے تعلقات کو بڑھانا نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک مؤثر شراکت داری قائم کرنا ہے۔

مودی نے مزید کہا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت کی اور بھارت کا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ہی دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ سے ملاقات کے دوران، مودی نے کہا کہ امریکا اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی پالیسیوں میں توازن پیدا کریں گے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان برابری کی سطح پر تجارتی تعلقات استوار ہو سکیں۔

اس ملاقات کو نہ صرف دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر بھارت کے اقتصادی اور دفاعی اثر و رسوخ میں اضافے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین