چلی کے جنوبی پانیوں میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک دیوقامت ہمپ بیک وہیل نے کائیکنگ کرتے ہوئے نوجوان کو کشتی سمیت اپنے جبڑے میں سمو لیا، مگر چند لمحوں بعد اسے بحفاظت واپس چھوڑ دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو متاثرہ شخص کے والد نے بنائی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
چلی کے نوجوان ایڈریان سیمانکاس اپنے والد کے ہمراہ جنوبی پیٹاگونیا کے قریب میگیلان آبنائے میں کائیکنگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک بڑی ہمپ بیک وہیل سطح پر ابھری اور ایڈریان کو کشتی سمیت اپنے منہ میں لے لیا۔ یہ غیر معمولی واقعہ سان اسڈرو لائٹ ہاؤس کے قریب پیش آیا، جہاں ایڈریان کے والد ڈیل سیمانکاس دوسری کشتی میں موجود تھے اور اس پورے منظر کو کیمرے میں محفوظ کر رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایڈریان کی کشتی ایک دم وہیل کے جبڑے میں چلی جاتی ہے اور وہ پانی میں غائب ہو جاتے ہیں، مگر چند سیکنڈز بعد وہیل انہیں بحفاظت باہر نکال دیتی ہے۔ اس حیران کن منظر کے دوران ایڈریان کے والد مسلسل اپنے بیٹے کو تسلی دیتے نظر آتے ہیں اور انہیں پرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے ایڈریان سیمانکاس نے بتایا کہ جب وہ کشتی میں تھے اور اچانک پیچھے مڑ کر دیکھا تو انہیں اپنے چہرے پر چپچپا پن محسوس ہوا، اور پھر گہرے نیلے اور سفید رنگوں نے انہیں گھیر لیا۔
انہوں نے کہا، ’’میں نے سوچا کہ وہیل نے مجھے مکمل طور پر نگل لیا ہے اور میری زندگی یہیں ختم ہو جائے گی۔‘‘ لیکن اگلے ہی لمحے ان کی لائف ویسٹ نے انہیں پانی کی سطح پر واپس کھینچ لیا، اور وہ سمجھ گئے کہ وہ زندہ ہیں۔
ایڈریان جب سطح پر واپس آئے، تو انہیں سب سے زیادہ اپنے والد کی فکر لاحق ہوئی کہ کہیں ان کے ساتھ بھی کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔ تاہم، خوش قسمتی سے، دونوں باپ بیٹے بحفاظت ساحل تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
جب ایڈریان اور ان کے والد سے پوچھا گیا کہ آیا وہ دوبارہ کائیکنگ کریں گے، تو دونوں نے بلا جھجک جواب دیا، ’’بالکل۔‘‘
یہ پہلا موقع نہیں جب ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا ہو۔ نومبر 2020 میں کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب ایک اور ہمپ بیک وہیل نے دو کائیکنگ کرنے والے افراد کو تقریباً نگل لیا تھا۔ یہ دونوں افراد وہیلز کو مچھلیاں کھاتے دیکھ رہے تھے کہ اچانک ایک وہیل ان کی کشتی کے نیچے سے نکلی، جس کے نتیجے میں کشتی پلٹ گئی۔ تاہم، وہ بھی بغیر کسی نقصان کے بچ نکلے تھے۔
یہ واقعہ قدرت کی حیرت انگیز قوت اور سمندر کی پراسرار دنیا کی ایک جھلک ہے، جو انسان کو ہمیشہ حیران اور مسحور کر دیتی ہے۔