اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کی ترقی عالمی امن اور استحکام کے لیے مثبت ثابت ہو رہی ہے، کیونکہ چین کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔
تفصیلات کے مطابق، چینی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر آصف علی زرداری نے چین کی حیرت انگیز ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی اور جدید تبدیلیاں دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں ہر شہری اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیتا ہے، جس کے نتیجے میں اجتماعی سطح پر قوم کو بے پناہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہر بار جب وہ بیجنگ آئے، انہوں نے شہر میں نمایاں ترقی دیکھی، اور بطور ہمسایہ ملک ہمیں چین سے کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستی پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور امن مذاکرات کو بنیادی حیثیت دیتا ہے۔
صدر زرداری نے چینی خارجہ پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے کے استحکام میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر آصف علی زرداری چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے تھے، جہاں عظیم عوامی ہال میں چینی صدر شی جن پنگ نے ان کا شاندار استقبال کیا تھا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق، صدر زرداری کی بیجنگ آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔
بعد ازاں، چین کے دارالحکومت میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ صدر آصف علی زرداری اور چینی ہم منصب شی جن پنگ نے دستخطی تقریب میں شرکت کی، جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے معاہدے طے پائے۔