خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ محمد حسان سمیت 4 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک بڑا آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن میں ان کے سرغنے بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں گروہ کا اہم رہنما فارمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف توری، سعید عرف لیاقت اور بلال شامل ہیں۔ یہ تمام دہشت گرد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ایک اور آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس دوران شدید جھڑپ میں لیفٹیننٹ محمد حسان ارشف (عمر 21 سال، رہائشی لاہور) نے جرات مندی سے لڑتے ہوئے شہادت پائی، جبکہ تین دیگر جوانوں نے بھی مادرِ وطن پر اپنی جان قربان کر دی۔