یوٹیلیٹی اسٹورز یونین کا 17 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان

احتجاج کا مرکزی اجتماع اسلام آباد کے ہیڈ آفس، بلو ایریا کے سامنے دوپہر 2 بجے ہوگا

اسلام آباد:ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف یوٹیلیٹی اسٹورز یونین نے 17 فروری کو ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس میں مختلف شہروں میں مظاہرے اور اسلام آباد میں دھرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

احتجاج کا مرکزی اجتماع اسلام آباد کے ہیڈ آفس، بلو ایریا کے سامنے دوپہر 2 بجے ہوگا، جبکہ ملک بھر کے پریس کلبز کے سامنے بھی مظاہرے کیے جائیں گے۔ یونین عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے، احتجاج جاری رہے گا اور اگر برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو مزید سخت لائحہ عمل دیا جائے گا، جس میں ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی ممکنہ بندش بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے 2500 سے 2600 ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر یونین سراپا احتجاج ہے۔ ذرائع کے مطابق، یو ایس سی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پہلے ہی اس اقدام کی منظوری دے دی تھی اور اب متعلقہ زونز کو اس پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

یہ برطرفیاں حکومت کی "رائٹ سائزنگ پالیسی” کا حصہ ہیں، جس کے تحت اداروں میں غیر مستقل ملازمین کی تعداد کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے نتیجے میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر کام کرنے والے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث ملازمین میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور احتجاج شدت اختیار کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین