لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن، معاشی بدحالی، مہنگائی اور بدتمیزی وہ تحفے تھے جو ‘تبدیلی’ کے نام پر عوام کو دیے گئے، بدقسمتی سے ایک ترقی کرتا ملک زبردستی پٹڑی سے اتار دیا گیا اور سیاست کو انتقام، بدتہذیبی اور نفرت کا گڑھ بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی اور بہاول نگر ڈویژن کے ارکانِ پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک کی معیشت اور اقدار کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا، جمہوریت کو کمزور کیا گیا اور سیاست میں انتقامی روایات کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آیا ہے، اور شہباز شریف کی انتھک محنت سے معاشی استحکام کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسیوں میں تسلسل ہی ترقی کی ضمانت ہے، اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اسی وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے نجات حاصل کر لی تھی، اور ہمارا بیانیہ ہمیشہ ملک کو خوشحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے پر مبنی رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو وعدے کیے تھے، آج وہ عملی شکل میں عوام کے سامنے ہیں۔
ملاقات میں شریک ارکانِ اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ہمیشہ اپنی ذاتی مشکلات کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان اور اس کے عوام کے لیے کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر کونے میں نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کے نشان واضح ہیں۔
ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کو بچانے کے لیے غیرمعمولی رفتار سے کام کیا، جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف پروگرام بحال ہوا اور پاکستان ڈیفالٹ سے محفوظ رہا۔
ملاقات میں مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔ ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پر فخر محسوس کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے عوامی خدمت میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں اور عوام کو ہر سطح پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چولستان میں گرین پاکستان منصوبے کے آغاز کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی مشینری، وسائل اور زرعی مالز کے ذریعے تمام سہولیات ایک جگہ فراہم کی جا رہی ہیں، جو زرعی انقلاب کی بنیاد رکھے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوامی خدمت کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور پارٹی قیادت کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کو پوری دیانتداری سے نبھا رہی ہیں۔
اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔