کراچی:کراچی میں جیل چورنگی فلائی اوور پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق ٹینکر ڈرائیورز مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے جیل چورنگی فلائی اوور پر تیز رفتاری کے باعث واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ردعمل کے طور پر 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی، جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر قابو پایا۔
پولیس کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب واٹر ٹینکرز کے ڈرائیورز مبینہ طور پر آپس میں ریس لگا رہے تھے اور اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار ان کی زد میں آگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 2025 میں کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 100 سے زائد شہری اپنی جان گنوا چکے ہیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔