لاہور:پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی، جب طیارے کے انجن سے ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ خوش قسمتی سے پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا۔ اس واقعے کے بعد ماہر انجینئرز کی ٹیم طیارے کے انجن کا تفصیلی معائنہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 203 دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئی، جب ایئربس طیارے کے انجن سے ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اجازت ملنے کے بعد، پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
ذرائع کے مطابق، پی آئی اے کی انجینئرنگ ٹیم طیارے کا معائنہ کرنے کے لیے خصوصی پرواز پی کے 304 کے ذریعے کراچی سے لاہور روانہ ہوگی۔ انجینئرز جدید بورو اسکوپک انسپکشن کے ذریعے طیارے کے انجن کا تفصیلی جائزہ لیں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انجن کو کتنا نقصان پہنچا ہے اور اسے کب تک دوبارہ قابلِ پرواز بنایا جا سکتا ہے۔