امریکی شہری کلیم رینکیمیر کو اس کے خاندان نے حیران کن انداز میں گینیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ دلوا دیا۔ وہ 40 سال سے اینٹیں جمع کر رہے تھے، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کا یہ شوق عالمی ریکارڈ بن جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست اوکلاہوما کے 87 سالہ کلیم رینکیمیر جب کسی کام کے سلسلے میں علاقے سے باہر گئے تو ان کی بیٹی سیلیا اور داماد ڈین نے ان کے دوستوں کو اکٹھا کیا اور ان کے ’ٹلسا گودام‘ میں موجود تمام اینٹوں کی گنتی شروع کر دی۔
نتائج سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ کلیم کے پاس 8882 اقسام کی اینٹیں موجود ہیں، جس کے بعد گینیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں دنیا میں سب سے زیادہ اقسام کی اینٹیں رکھنے والے شخص کے طور پر تسلیم کر لیا۔
جب کلیم واپس لوٹے اور گینیز ورلڈ ریکارڈ کی آفیشل سند دیکھی تو حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک بہت بڑا سرپرائز تھا، اور وہ یہ اعزاز حاصل کر کے بے حد خوش ہیں۔
کلیم رینکیمیر 40 برس سے اینٹیں جمع کر رہے ہیں، اور ان کے ذخیرے میں نایاب اینٹیں شامل ہیں، جن میں ایک 100 ویں عیسوی کی رومی اینٹ بھی موجود ہے۔ تاہم، ان کے مجموعے میں زیادہ تر اینٹیں چند سو سال پرانی ہیں۔