سوشل میڈیا کی بڑی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا کی طویل ترین زیرسمندر انٹرنیٹ کیبل بچھانے جا رہی ہے، جس کا مقصد امریکا، بھارت، جنوبی افریقا، برازیل اور دیگر خطوں کو آپس میں جوڑنا ہے۔ اس منصوبے سے انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری آئے گی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے منصوبوں کو مزید سپورٹ ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق میٹا کا یہ نیا پراجیکٹ "واٹر ورتھ” 50 ہزار کلومیٹر طویل ہوگا، جو زمین کے گھیر سے بھی زیادہ ہے۔ کمپنی کے مطابق، یہ کیبل لائن 24 فائبر پیئر سسٹم پر مشتمل ہوگی، تاکہ صارفین کو تیز ترین انٹرنیٹ مہیا کیا جا سکے اور اے آئی پروجیکٹس کو بہتر بنایا جا سکے۔
میٹا نے اپنی بلاگ پوسٹ میں وضاحت کی کہ "واٹر ورتھ” منصوبہ امریکا، بھارت، برازیل، جنوبی افریقا اور دیگر اہم علاقوں کو جوڑ کر اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا اور ان خطوں میں ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دس سالوں میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر 20 سے زائد زیرسمندر کیبل لائنز کے منصوبے مکمل کر چکی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا میں 95 فیصد سے زیادہ انٹرنیٹ ٹریفک زیرسمندر کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ کیبلز جغرافیائی تنازعات یا کشیدگی کے دوران ممکنہ خطرات کا شکار ہو سکتی ہیں۔
میٹا کے مطابق، "واٹر ورتھ” منصوبے سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور مختلف ممالک کی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔