آج کے دور میں نوجوانوں میں آنتوں کے کینسر کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کی کوئی ایک خاص وجہ تو سامنے نہیں آئی، لیکن طرزِ زندگی کے کچھ عوامل جیسے کم فائبر والی خوراک، ورزش کی کمی، شراب نوشی، تمباکو نوشی اور موٹاپا اس بیماری کے پھیلاؤ میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
لیکن خوشخبری یہ ہے کہ مختلف تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ فائبر سے بھرپور غذائیں آنتوں کے کینسر کے خطرے کو کم کر سکتی ہیں۔ اگر آپ صحت مند آنتوں کے خواہشمند ہیں تو اپنی خوراک میں درج ذیل 5 غذائیں ضرور شامل کریں۔
1) دالیں
دالیں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں اور فائبر کا بہترین ذریعہ سمجھی جاتی ہیں۔ ان میں موجود خاص قسم کا فائبر ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے اور نظامِ انہضام کو فعال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
2) سالم اناج
سالم اناج جیسے براؤن رائس، کوئنو، جو اور بغیر چھنی ہوئی گندم فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف ہاضمہ بہتر بناتے ہیں بلکہ آنتوں کے کینسر کے خطرے کو بھی کم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے اور آنتوں کی مجموعی صحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
3) سیب
کہتے ہیں، "روزانہ ایک سیب کھائیں اور ڈاکٹر سے دور رہیں!” سیب میں pectin نامی حل پذیر فائبر پایا جاتا ہے جو آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور ہاضمے کو درست رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ آنتوں کی حرکت کو بھی منظم کرتا ہے، جس سے نظامِ ہاضمہ بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔
4) سویابین
سویابین کو کئی مزیدار پکوانوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور یہ گوشت و ڈیری مصنوعات کے متبادل کے طور پر بھی مقبول ہیں۔ سویابین میں حل پذیر اور ناقابل حل پذیر دونوں قسم کے فائبر پائے جاتے ہیں، جو آنتوں کی صحت کے لیے بےحد مفید سمجھے جاتے ہیں۔
5) اخروٹ
گری دار میوے، خاص طور پر اخروٹ، فائبر اور صحت بخش چکنائی کے بھرپور ذرائع ہیں۔ اس کے علاوہ، اخروٹ میں اینٹی آکسیڈنٹس اور پولیفینولز بھی موجود ہوتے ہیں جو سوزش کم کرنے اور آکسیڈیٹیو تناؤ سے بچانے میں مدد دیتے ہیں، یوں آنتوں کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنی روزمرہ خوراک میں ان غذاؤں کو شامل کریں اور صحت مند زندگی کی طرف قدم بڑھائیں!