چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستان نے بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے بھرپور تیاری شروع کر دی ہے۔ دبئی اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے سخت پریکٹس کی، جہاں خامیوں پر کام کیا گیا۔ فخر زمان کی جگہ امام الحق اسکواڈ کا حصہ بن گئے اور امکان ہے کہ وہ بابر اعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔ اس بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین بے حد پرجوش ہیں، جبکہ دبئی میں موسم بھی کھیل کے لیے سازگار رہنے کی توقع ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی مہم کا آغاز مایوس کن رہا، جہاں کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ایونٹ کا سب سے بڑا اور ہائی وولٹیج مقابلہ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔
پاکستانی ٹیم نے دبئی میں بھرپور پریکٹس کی، جس میں خاص طور پر کمزوریوں پر قابو پانے پر توجہ دی گئی۔ فخر زمان کی عدم موجودگی میں امام الحق اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔ دوسری جانب، بھارتی ٹیم پہلے ہی دبئی میں اپنا بیس قائم کر چکی ہے، جبکہ پاکستانی کھلاڑی جمعرات کو کراچی سے دبئی پہنچے تھے۔
پاکستانی شائقین اس بات پر مایوس ہیں کہ وہ یہ سنسنی خیز مقابلہ اپنی سرزمین پر نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم دبئی میں موجود کرکٹ کے دیوانے اس موقع کو اپنے لیے خوش قسمتی سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔
دبئی میں حالیہ دنوں میں موسم ابر آلود رہا ہے، 18 فروری کو بارش بھی ہوئی تھی، جس سے شائقین کو خدشہ تھا کہ کہیں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ متاثر نہ ہو جائے، لیکن خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات (NCM) کے مطابق، اتوار کو دبئی میں عمومی طور پر موسم صاف رہے گا، تاہم رات اور پیر کی صبح کے دوران بعض شمالی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 33 جبکہ رات میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے قوانین کے مطابق، گروپ مرحلے میں کسی بھی میچ کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا، البتہ سیمی فائنلز اور فائنل میں یہ سہولت موجود ہوگی۔ بھارت نے اپنے پہلے گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر شاندار آغاز کیا، جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہمیشہ کی طرح، اس بار بھی پاکستان اور بھارت کے میچ کی ٹکٹیں آن لائن دستیاب ہوتے ہی چند منٹس میں فروخت ہوگئیں۔ جو خوش نصیب شائقین ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے، وہ پہلے ہی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کو ایک عام مقابلے کی طرح لیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا ماحول پرسکون ہے اور تمام کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
حارث رؤف نے مزید کہا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 10 اوورز کروا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کو پہلے بھی دو مرتبہ شکست دی ہے اور اس بار بھی جیت کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ فخر زمان اور صائم ایوب کی غیر موجودگی سے ٹیم کمبی نیشن متاثر ہوا ہے، مگر ٹیم کے پاس کئی اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔