رمضان المبارک سے پہلے عوام کے لیے خوشخبری! بھرپور پیداوار اور برآمدات میں کمی کی وجہ سے دالوں اور چاول کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔ مسور کی دال، چنے کی دال، مونگ کی دال اور مختلف اقسام کے چاول پہلے کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہیں، جس سے عوام کو کچھ ریلیف مل رہا ہے۔ اگر برآمدات مزید محدود رہیں تو قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک سے قبل دالوں اور چاول کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بڑی وجہ فصل کی بھرپور پیداوار اور برآمدات میں کمی بتائی جا رہی ہے۔ مسور کی دال کی قیمت 20 روپے کم ہوکر 240 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ چنے کی دال 290 روپے فی کلو سے کم ہوکر 272 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح مونگ کی دال کی ہول سیل قیمت 330 روپے سے کم ہوکر 300 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ درمیانے درجے کا چاول 150 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ ٹوٹا چاول بھی 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
ملک بھر میں باسمتی چاول کی ہول سیل قیمت 250 روپے سے 275 روپے فی کلو کے درمیان ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر چاول کی برآمدات کچھ عرصہ مزید بند رہیں تو قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس سال چاول کی فصل کی پیداوار کافی اچھی رہی ہے۔ پہلے چاول کی بڑی مقدار برآمد ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، لیکن اب قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔