پاکستانیوں نے یو اے ای میں صرف ایک سال میں 8 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں قائم کر لیں

اس سال سب سے زیادہ نئی کمپنیاں بھارتی شہریوں نے رجسٹرڈ کروائیں، جن کی تعداد 16,500 سے زائد ہے

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروباری افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سال 2024 کے دوران پاکستانی شہریوں نے 8 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کروائیں، جو کہ اس سال نئی کمپنیاں بنانے والے سرمایہ کاروں میں دوسرا بڑا گروپ ثابت ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اس وقت مجموعی طور پر پاکستانیوں کی 47 ہزار کاروباری کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ دبئی چیمبر آف کامرس کے مطابق، اس سال سب سے زیادہ نئی کمپنیاں بھارتی شہریوں نے رجسٹرڈ کروائیں، جن کی تعداد 16,500 سے زائد ہے۔ پاکستانی سرمایہ کاروں کا دوسرا نمبر رہا، جنہوں نے 8 ہزار سے زیادہ کمپنیاں قائم کیں۔

دیگر ممالک کے کاروباری افراد بھی دبئی میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، 5,300 نئی کمپنیاں مصری شہریوں کے نام پر رجسٹرڈ ہوئیں، جب کہ 2,600 سے زائد کمپنیاں برطانوی شہریوں نے رجسٹرڈ کروائیں۔ اس کے علاوہ، 1,718 نئی کمپنیاں عراقی سرمایہ کاروں کی ملکیت میں آئیں، جب کہ ترک شہریوں نے گزشتہ سال 1,314 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کروائیں۔

پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی کاروباری افراد دبئی آ رہے ہیں، جس سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کو زیادہ ترسیلات زر بھی ملیں گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین